
10 نومبر 2025 کو بیجنگ فارن اسٹڈیز یونیورسٹی کے اردو شعبے نے اقبال ڈے کے سلسلے میں ایک خوبصورت اور پُرمعنی مشاعرہ اور علمی نشست کا اہتمام کیا۔ اس پروگرام کا مقصد برصغیر کے عظیم شاعر اور فلسفی علامہ محمد اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور طلبہ کو اقبال کے فکر و فن اور پاکستان کی تاریخی و ثقافتی روایات سے مزید واقف کرانا تھا۔
تقریب کا آغاز اردو شعبے کے پاکستانی ٹیچر ڈاکٹر آمنہ کی لیکچر سے ہوا، جنہوں نے علامہ اقبال کی زندگی، فکری سفر، شعری خصوصیات، فلسفیانہ نظریات، اور سیاسی سرگرمیوں کا مفصل تعارف پیش کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقبال کی شاعری نوجوانوں کی تربیت، خودی کے تصور اور قوموں کی بیداری میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
بعد ازاں، صدرِ شعبہ محترمہ نسرین نے چین میں اقبال کے تراجم اور اقبالیات پر ہونے والی تحقیق کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اقبال کی شاعری نہ صرف اردو زبان کی تعلیم میں اہم مقام رکھتی ہے بلکہ چینی طلبہ کے لیے جنوبی ایشیا کی ثقافت اور فکر کو سمجھنے کا ایک اہم دروازہ بھی ہے۔
مشاعرے کے حصّے میں، بی اے اور ایم اے کے طلبہ نے اقبال کی متعدد مشہور نظموں اور اشعار کی خوبصورت تلاوت کی۔ ان نظموں کے موضوعات میں نوجوانوں کی تربیت، جدوجہد، قومی تعمیر، سامراج مخالف فکر، اور خودی کا فلسفہ شامل تھا۔ بیجنگ فارن اسٹڈیز یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ نے بھی اقبال کی شاعری سنائی اور تاثرات بیان کیے، جس سے پروگرام میں مزید رنگ پیدا ہوا۔ تقریب میں طلبہ نے اقبال کی شاعری پر مبنی اپنی خطاطی کے فن پارے بھی پیش کیے۔
یہ تقریب طلبہ کے لیے اقبال کے فکر و فلسفہ کو سمجھنے، اردو ادب کی گہرائیوں سے واقف ہونے، اور پاکستان کی تاریخ و ثقافت کے قریب آنے کا ایک سودمند موقع ثابت ہوئی۔