ہوم < خبر

نیو سائنولوجی پروجیکٹ" کا افتتاحی کیمپ (شمالی علاقہ) بیجنگ فارن اسٹڈیز یونیورسٹی میں منعقد

Updated: 17.10.2025

27 ستمبر 2025 کو "نیو سائنولوجی پروجیکٹ" کا افتتاحی کیمپ (شمالی علاقہ) بیجنگ فارن اسٹڈیز یونیورسٹی میں منعقد ہوا۔ اس پروگرام کا انعقاد چائنا سینٹر فار لینگویج ایجوکیشن اینڈ کوآپریشن کے زیرِ اہتمام اوربی ایف ایس یو کے اشتراک سے کیا گیا۔

افتتاحی کیمپ میں 20 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے 42 ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ طلباء نے شرکت کی، جو مشترکہ طور پر جدید سائنولوجی تحقیق کے ایک نئے باب کا آغاز کرنے کے لیے یکجا ہوئے۔بی ایف ایس یو کے نائب صدر پروفیسر ڈنگ ہاؤ نے افتتاحی تقریب میں شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی نے "نیو سائنولوجی پروجیکٹ" کے شراکت دار ادارے کے طور پر سائنولوجی ٹیلنٹ کی تربیت، تعلیمی تحقیق میں اختراع، اور انتظامی ڈھانچے کی بہتری کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ افتتاحی کیمپ بین الاقوامی سائنولوجی کی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ نوجوان علمی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ایک اہم موقع ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شرکاء چینی ثقافت کے پُرعزم سیکھنے والے اور عالمی تہذیبی مکالمے کے سرگرم علمبردار بنیں گے، جو چین اور دنیا کے درمیان دوستی و تفاہم کا پُل قائم کریں گے۔

چائنا سینٹر فار لینگویج ایجوکیشن اینڈ کوآپریشن کے ڈائریکٹر نے اپنے خطاب میں "نیو سائنولوجی پروجیکٹ" کی ترقیاتی تاریخ، بنیادی نظریات، اور اہم مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز طلباء کو اعلیٰ معیار کی تعلیمی و تحقیقی سہولیات فراہم کرنے اور نوجوان سائنولوجسٹس کے لیے ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم مہیا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ علم حاصل کرنے اور تحقیق میں سنجیدگی دکھائیں، تاکہ جلد ہی چینی اور غیر ملکی تہذیبوں کے درمیان دوستی کے سفیر بن سکیں۔

فرانس کے ممتاز ماہرِ مشرقیات اور ایکول دے لینگویژ ای سیولیزاسیوں اورینتال (INALCO)کے پروفیسر جین پیئر بیلیسن نے چین کے مطالعے سے متعلق اپنے ذاتی تجربات اور بصیرت شرکاء کے ساتھ شیئر کیں، جنہوں نے طلباء کے لیے قیمتی رہنمائی فراہم کی۔

انٹرایکٹو گروپ مباحثوں میں طلباء نے مختلف موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا، جن میں "نوجوان سائنولوجسٹ کی ذمہ داریاں"،"سائنولوجی اور دیگر علوم کا ملاپ", اور "سائنولوجی ریسرچ میں مصنوعی ذہانت کا اطلاق" شامل تھے۔

یاد رہے کہ "نیو سائنولوجی پروجیکٹ"نے 2013 میں اپنے پہلے ڈاکٹریٹ طلباء کے اندراج سے آغاز کیا تھا، اور یہ منصوبہ اعلیٰ معیار کے بین الاقوامی سائنولوجسٹ تیار کرنے کے لیے وقف ہے۔بی ایف ایس یو اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے والی چین کی اولین یونیورسٹیوں میں شمار ہوتی ہے۔