ہوم < خبر

"بین الاقوامی چینی زبان کا دن 2025" بیجنگ فارن اسٹڈیز یونیورسٹی میں شاندار انداز میں منایا گیا

Updated: 09.05.2025

18 اپریل کو بیجنگ فارن اسٹڈیز یونیورسٹی میں "بین الاقوامی چینی زبان کا دن" نہایت جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس تقریب میں 700 سے زائد معزز مہمانوں نے شرکت کی، جن میں البانیہ، بلغاریہ، ملاوی، نائجر، سینیگال اور صومالیہ سمیت 20 سے زائد ممالک کے سفرا، شنگھائی تعاون تنظیم اور چائنا-آسیان سینٹر جیسی بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندگان، عالمی زبانوں اور ثقافتی اداروں جیسے الائنس فرانسیس کے نمائندے، وزارتِ تعلیم چین اور غیر ملکی زبانوں کی اشاعت کی انتظامیہ کے اہلکار، چینی جامعات، سماجی تنظیموں کے اراکین اور بین الاقوامی طلبہ شامل تھے۔

اس سال "چینی زبان کے بین الاقوامی دن" کا مرکزی خیال تھا: "چینی، ایک تحفہ جو وقت اور سرحدوں سے ماورا ہے"۔ اس موقع کا اہتمام چینی زبان کے تبادلے اور وزارتِ تعلیم کے تعاون سے کیا گیا۔

بی ایف ایس یو میں اس دن کی مناسبت سے کئی دل چسپ اور بامعنی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان میں "فلم آرٹ اور کثیر الثقافتی نظریات" پر ایک علمی لیکچر، "مصنوعی ذہانت کے دور میں چینی تخلیقی تحریر" پر ایک بصیرت افروز خطاب، "چینی دستکاری کی لطافت" پر ایک خصوصی نمائش، اور چینی خطاطی کے شاہکاروں کی نمائش شامل تھیں۔


اس کے علاوہ "یوتھ کلچرل ایکسپیرینس" کے عنوان سے ایک رنگا رنگ پروگرام بھی پیش کیا گیا، جس میں نوجوان طلبہ نے شاعری، محاورات، اوریکل بون اسکرپٹس، روایتی چینی ملبوسات اور ثقافتی نمونوں کے ذریعے چینی زبان اور ثقافت کا عملی تجربہ حاصل کیا۔ یہ سرگرمیاں مختلف اقوام کے نوجوانوں کو تفریحی انداز میں چینی تہذیب سے روشناس کرانے کا ایک مؤثر ذریعہ بنیں۔


" چینی زبان کا بین الاقوامی دن" کا تصور اقوامِ متحدہ کے "چینی زبان کے دن" سے اخذ کیا گیا ہے، اور یہ ایک ایسی زبان و ثقافت کی ترویجی مہم ہے جس کا آغاز چین نے کیا، جس میں عالمی برادری کی بھرپور شرکت رہی۔ یہ تقریب مسلسل پانچویں سال منعقد کی گئی۔ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران، دنیا کے 160 سے زائد ممالک کے ایک ہزار سے زائد علمی و ثقافتی اداروں نے اس میں شرکت کی ہے، جن کے زیرِ اہتمام 5,000 سے زائد تقریبات منعقد ہو چکی ہیں، اور 30 کروڑ سے زائد افراد نے آن لائن اور آف لائن شرکت کے ذریعے اس عالمی زبان و ثقافت کے جشن میں حصہ لیا ہے۔